پشاور: ( روزنامہ دنیا) خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ محمود خان وزیر اعلیٰ ہاؤس میں رہائش اختیار نہیں کریں گے، نہ ہی پروٹوکول لیں گے۔
ترجمان کے پی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی نقل و حرکت کے دوران سڑکیں بند نہیں ہوں گی، وہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں بھی نہیں رہیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں سادگی اختیار کی جائے گی، اور وزیرِ اعلیٰ کے زیرِ استعمال جتنی گاڑیاں ہیں ان کی تعداد میں کمی لائی جائے گی۔
ترجمان شوکت یوسف زئی نے وزیرِ اعلیٰ کے شیڈول کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ محمود خان صبح 9 بجے دفتر میں اپنی حاضری یقینی بنائیں گے ۔ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ محمود خان دوپہر 2 سے سہ پہر 5 بجے تک اسمبلی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے ، اور عید کا پہلا دن پشاور میں گزاریں گے ۔