پشاور: (دنیا نیوز) محمود خان نے خیبرپختونخوا کے 28 ویں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھالیا، گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔ حلف بردراری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی۔
یاد رہے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ وزیراعلٰی کا انتخاب ارکان کو 2 لابی میں تقسیم کر کے کیا گیا جس کے لیے محمود خان کے حامی ارکان لابی نمبر دو اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل کے حامی لابی نمبر ایک میں جمع ہوئے۔
ارکان کے لابی میں جمع ہونے کے بعد ارکان کی گنتی کی گئی جس کے بعد اسپیکر نے محمود خان کی کامیابی کا اعلان کیا جنہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔
نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دیئے گئے ویژن پر کام کریں گے ، صوبے میں کپتان کی جدوجہد کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں، یہ عمران خان ہی ہے جنہوں نے کرپشن کے خلاف جدوجہد کی، کوشش ہوگی کہ ہم قومی اداروں کو مضبوط کریں ،صوبے میں جاری میگا پراجیکٹس کو بروقت مکمل کریں تاکہ عوام ان کے فوائد سے مستفید ہوسکیں۔ اپنی پارٹی کے منشور پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کروں گا۔
محمود خان نے کہا کہ عوام نے ہمیں ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا ، ہم کسی کے کندھوں پر بیٹھ کر نہیں آئے ، ترقی کے سفر میں صوبائی اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ،دور اقتدار میں خاص طور پر اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، ایوان میں حلقے کھولنے کی بات کی گئی میں سب سے پہلے اپنا حلقہ کھولنے کیلئے تیار ہوں۔