نجی جامعہ کے طلباء کی مویشی منڈی میں لٹنے والے بچے کی مالی مدد

Last Updated On 13 August,2018 07:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) مویشی منڈی میں جعلی نوٹ دے کر بچے سے قربانی کا بکرا خریدنے کا معاملہ، دنیا نیوز سوشل میڈیا پر غریب بچے کی آواز بنا تو محب الوطن شہری مجبور بچے کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔

مویشی منڈی میں جعلسازوں کے ہاتھ لٹنے والا بچہ محب الوطن اور ذمہ دار شہریوں کا شکر گزار، دنیا نیوز نے چند روز قبل مویشی منڈی میں جعلسازوں کے ہاتھوں لٹنے والے بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

جس میں بتایا گیا تھا کہ مویشی منڈی میں بچے کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے، جعلسازوں نے اس سے 28 ہزار کا بکرا خریدا اور اسے جعلی نوٹ دے کر رفو چکر ہوگئے۔ جب اس بچے کو نوٹ جعلی ہونے کا پتا چلا تو تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ بچے نے ویڈیو میں روتے ہوئے مالی مدد کی اپیل کی تھی۔

مویشی منڈی میں سال بھر کی کمائی لٹنے پر دنیا نیوز کا سوشل میڈیا غریب بچے کی آواز بنا تو مخیر حضرات بچے کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔ عید الاضحی اور جشن آزادی کے موقع پر غریب بچے کے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے نجی جامعہ کے طلبعلموں اور انتظامیہ نے اسے ڈھونڈ کر 50 ہزار روپے کی مالی امداد کی اور عید کے لیے نئے کپڑے اور جوتے بھی تحفہ کیے۔

 واضح رہے کہ اس کے علاوہ بھی متعدد محب الوطن شہریوں نے غریب بچے کی مالی مدد کی ہے۔