اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدارتی الیکشن کے لیے 4 ستمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا، اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کیلئے جماعتوں کے رابطے تیز ہوگئے، اے پی سی آج مری میں شہباز شریف کی زیرصدارت ہوگی۔
شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے، اے این پی سمیت دیگر جماعتیں شرکت کریں گی۔ پیپلز پارٹی اپنے امیدوار کے لیے دیگر جماعتوں کو قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔
خورشید شاہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں رضا ربانی، اعتزاز احسن، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، چودھری منظور شریک ہوئے، خورشید شاہ نے مولانا فضل الرحمان، حاصل بزنجو، محمود اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطے بھی کئے۔
مسلم لیگ ن کا متفقہ امیدوار لانے کے لئے ایاز صادق بھی سرگرم ہوگئے، مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، اسفند یار اور دیگر سے رابطے کئے، پارٹی میں سرتاج عزیز، شاہد خاقان عباسی، عبدالقادر بلوچ سمیت 5 نام بطور امیدوار زیرغور ہیں۔
پرویز رشید نے اعتزاز احسن کو حمایت کیلئے نواز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ اعتزاز احسن نے پرویز رشید کے مطالبے کو غیر سنجیدہ قرار دیدیا۔ آل پارٹیزکانفرنس سے پہلے مری میں مسلم لیگ نون کا مشاورتی اجلاس بھی ہوگا۔