اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزارت خزانہ نے بجٹ خسارہ میں کمی لانے کیلئے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو مالی بچت کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کے افسران پر بچت کرنے کی ذمہ داری ہوگی، وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو اسٹیشنری، بجلی کی اشیاء، گاڑیوں اور فرنیچر مرمت کا بجٹ کم کرنے اور 15 ستمبر کے بعد ا یئر کنڈیشنر بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اجلاس میں افسران کیلئے منرل واٹر کی نصف لٹر کی بجائے لٹر یا ڈیڑھ لٹر بوتل کی اجازت ہوگی، وزارت خزانہ کی ہدایات کے مطابق دفاتر میں افسران ضرورت سے زائد لائٹنگ بند کروانے کے ذمہ دار ہوں گے اور دفتر ی اوقات کے بعد نچلے درجے کے ملازم تمام لائٹنگ فوری طورپر بند کریں گے، وفاقی وزاتیں، ڈویژنز اور محکمے مالی سال 2018-2019 کیلئے فرنیچر، سٹیشنری سمیت دیگر سامان کیلئے مختص کردہ بجٹ ایک تہائی کم کرینگے۔
گاڑیوں، پٹرول، سی این جی اور افسران کے سفری اخراجات کو بھی محدود کیا جائے گا، افسران کو دفاتر میں 11 بجے کے بعد ایئر کنڈیشنر چلانے اور 15 ستمبر کے بعد بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ افسران کو کہا گیا ہے کہ سٹیشنری کا استعمال کم کرنے کیلئے کاغذ کے دونوں طر ف پرنٹنگ اور مراسلہ، نوٹ شیٹ اور سرکلر جاری کرنے کیلئے ٹائپنگ کیلئے لائن کے درمیان وقفہ کم کریں، محکمانہ اجلاس کے دوران صرف چائے اور سادہ بسکٹ پیش کیے جائیں اور ہائی ٹی اور کھانے پر مکمل پابندی لگا دی جائے۔