اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، کوئٹہ میں اہل علاقہ نے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف پردہ دار خواتین سڑکوں پر نکل آئیں۔
تفصیلات کے مطابق، کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر اہل علاقہ نے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف ٹائر جلا کر اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔ مشتعل افراد نے سڑک کو بڑے بڑے پتھر رکھ کر بند کر دیا جس سے ٹریفک معطل رہی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ مظاہرین نے اس موقع پر کیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے علاقے میں گزشتہ 10 روز سے بجلی غائب ہے اور کوئی پرسان حال نہیں۔
دوسری طرف ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بجلی کی طویل بندش خواتین کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے۔ صاحب خانہ اور سکول جانے والے بچوں کو یونیفارم بغیر استری پہن کر جانا پڑا، بجلی کی مسلسل بندش سے تنگ پردہ دار خواتین سڑکوں پر آ گئیں اور احتجای مظاہرہ کیا۔ مشتعل خواتین نے رحم بازار میں ٹائر جلا کر سڑک بند کر دی جس سے ٹریفک کا نظام معطل رہا۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے فوری اقدامات کئے جائیں۔