راولپنڈی: (دنیا نیوز) سپاہی مقبول حسین کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں جی او سی مری سمیت صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے شرکت کی۔
سپاہی مقبول حسین کی نمازِ جنازہ نیریاں ضلع سدھنوتی میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان جی او سی مری، کمانڈر اے کے سنٹر مانسر سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
مرحوم کو آبائی گاؤں مرشد آباد میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی گی جبکہ فوجی دستے نے سلامی دی۔
اس سے قبل 1965ء کی جنگ کے ہیرو سپاہی مقبول کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی ہے جس میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ، فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سے قبل سپاہی مقبول حسین کی نمازِ جنازہ آزاد کشمیر رجمنٹل سنٹر مانسر کیمپ اٹک میں بھی ادا کی گئی۔ سپاہی مقبول حسین کی نمازِ جنازہ میں اعلیٰ فوج وسول حکام نے شرکت کی۔ ان کی نمازِ جنازہ خطیب جامع مسجد آزاد کشمیر سنٹر سید عابد شاہ مشہدی نے پڑھائی۔
1965ء کی جنگ کے غازی اور کئی سالوں تک بھارتی قید میں صعوبتیں برداشت کرنے والے پاک فوج کے سپاہی مقبول حسین گزشہ روز اس دارِ فانی سے رخصت فرما کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپاہی مقبول حسین کی رحلت پر ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ سپاہی مقبول حسین نے 1965ء کی جنگ میں حصہ لیا، انھیں اسی سال بھارت نے جنگی قیدی بنا کر گرفتار کر لیا تھا۔ سپاہی مقبول حسین 40 سال تک ہندوستانی قید کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد 2005ء میں رہا ہوئے تھے۔
سپاہی مقبول حسین کا انتقال سی ایم ایچ اٹک میں ہوا ہے جہاں وہ زیر علاج تھے۔ وطن عزیز کی خاطر قربانیوں کے صلے میں انھیں ستارہ جرات سے نوازا گیا تھا۔
Namaz e Janaza of 1965 war veteran Sepoy Maqbool, SJ offered at Chaklala Garrison. COAS & large number of offrs/sldrs attended the prayer and paid respect to the national hero. Deceased will be buried with full mil honour at his native village Narian, Azad Kashmir later tonight. pic.twitter.com/2zarFd2x09
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) August 29, 2018