اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف حکومت میں بھی شریف برادران کے من پسند ڈی ایم جی افسران کا راج ہے، ڈاکٹر سلمان دوبارہ ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو تعینات کر دیے گئے ہیں۔
ملک کی حکومت تبدیل ہو گئی لیکن بڑے بڑے بیوروکریٹس کو کوئی نہ ہلا سکا۔ وفاق میں ن لیگ کے دوِر حکومت کے اہم بیورو کریٹس پھر تعینات کر دئیے گئے، وہ بھی اپنے عہدوں پر واپس آگئے جنھیں تحریکِ انصاف نے مطالبہ کر کے الیکشن کے دوران اپنے عہدوں سے ہٹوایا تھا۔
سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر سلمان کو ڈی جی آئی بی تعینات کیا لیکن تحریکِ انصاف کے مطالبے پر نگران حکومت نے ڈاکٹر سلمان کو تبدیل کیا تھا، اب تحریکِ انصاف نے ہی انہیں دوبارہ اپنے عہدے پر تعینات کر دیا ہے۔
یہی نہیں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو تعینات ہونے والے محمد جہازنزیب بھی سابق وزیرِاعلیٰ میاں شہباز شریف کے دور میں پنجاب حکومت میں اہم عہدوں پر تعینات رہے جبکہ سیکرٹری سٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات ہونے والے اعجاز منیر سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے دست راست سمجھے جاتے ہیں۔
سابقہ دور کے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن عارف احمد کو سیکرٹری خزانہ تعینات جبکہ شعیب صدیقی کو سیکرٹری پلاننگ ڈویژن برقرار رکھا گیا ہے۔ ن لیگ حکومت کے تعینات کیے گئے محمد یونس ڈھاگہ بھی سیکرٹری کامرس کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔