فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بنیادی مرکز صحت سے ڈیوٹی کے دوران نرس طاہرہ شریف کو زبردستی بیاہنے کیلئے بھائی اور رشتہ داروں نے اغوا کرلیا، پولیس نے لڑکی کو بازیاب کروا کے دارالایمان منتقل کردیا، واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
فیصل آباد کے نواحی گاؤں 658 میں بنیادی مرکز صحت میں تعینات طاہرہ شریف نرس نے والدین کی وفات کے بعد اسپتال کے کواٹر میں رہائش اختیار کرلی۔ طاہرہ کے بھائی اور قریبی عزیز زبردستی اسکی شادی کروانا چاہتے تھے، انکار پر 2 بھائیوں اور رشتہ داروں نے ہسپتال پر دھاوا بولا، طاہرہ کو ناصرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔
واقع کے خلاف انچارج بیسک ہیلتھ یونٹ نے بچیانہ پولیس کو درخواست دی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو فیصل آباد مچھلی فارم کے علاقے میں خالہ کے گھر سے بازیاب کروا کر دارالایمان منتقل کردیا۔ مغوی کے بھائیوں اور رشتہ داروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ سی ای او محکمہ صحت نے ڈیوٹی پر معمور دونوں سیکورٹی گارڈز کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔