چیف جسٹس کا ہسپتالوں کا دورہ، شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد

Last Updated On 01 September,2018 03:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے اچانک کراچی کے 3 ہسپتالوں کا دورہ کیا، پی پی کے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی 3 بوتلیں ملی۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت سے قبل چیف جسٹس کرپشن کے کیسز میں ملوث ہائی پروفائل ملزمان کے کمروں میں پہنچ گئے، بغیر بتائے ضیاالدین ہسپتال گئے تو سب کے ہوش اڑ گئے۔ چیف جسٹس پی پی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کے کمرے میں پہنچے تو شراب کی تین بوتلیں ملیں۔۔

جسٹس ثاقب نثار نے کرپشن کیس میں گرفتار شرجیل میمن سے بوتلوں سے متعلق پوچھا تو وہ کہنے لگے یہ میری نہیں ہیں۔ چیف جسٹس نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا اٹارنی جنرل کہاں ہیں، جائیں دیکھیں، انور منصور خان صاحب، ذرا اس طرف بھی توجہ دیں، آپ نے بہت اچھے کام کیے، مگر یہ دیکھیں۔

ضیاالدین ہسپتال سے چیف جسٹس جناح ہستپال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب پہنچے، جہاں انہوں نے منی لانڈرنگ کیس کے ملزمان انور مجید اور حسین لوائی کے کمروں پر چھاپہ مارا، جناح ہسپتال میں دورے کے دوران چیف جسٹس نے مختلف وارڈ کا دورہ کیا۔ جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ رجسٹری پہنچ کر اہم کیسز کی سماعت شروع کی۔