لاہور: (دنیا نیوز) چئیرمین نادرا نے آر ٹی ایس کریش ہونے کے الزامات ایک بار پھر مسترد کر دیئے۔ عثمان مبین نے شناختی کارڈ نہ بنانے اور بلاک کرنے کے معاملے پر پختون مظاہرین سے ملاقات کرکے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروادی۔
قومی انتخابات میں آر ٹی ایس سسٹم کریشن نہیں ہوا تھا، چئرمین نادرا نے سسٹم خرابی کے الزامات کی تردید کر دی، ضمنی الیکشن میں آر ٹی ایس کے استعمال کے بارے میں چئرمین نادرا نے لاعلمی ظاہر کر دی۔ کہتے ہیں اوور سیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کیلئے نادرا نے سسٹم بنا دیا ہے۔
نادرا ہیڈ آفس لاہو رمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کا کہنا تھا کہ کچھ افغانی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے پاکستانی شہری کو بھائی یا بہن ظاہرکرتے ہیں، خفیہ اطلاعات ملنے پر ان کے شناختی کارڈز بلاک کئے گئے تاہم تمام کیسز کو دیکھ کر معاملے کا حل نکالیں گے۔
میڈیا گفتگو سے قبل چئرمین نادرا نے پختون مظاہرین سے مذاکرات کرکے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی، پختون صارفین نے وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد پر انکی رہائش گاہ زمان پارک کے سامنے شناختی کارڈ نہ بنائے جانے پر احتجاج کیا تھا، وزیراعظم کے نوٹس لینے پر چئرمین نادرا لاہور پہنچے تھے۔