اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ہری پورمیں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا، اسلام آباد میں شجر کاری مہم کا وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر پودا لگا کر افتتاح کیا۔ شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں 10 ارب پودے لگائے جائیں گے.
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر شیخ رشید نے پودا لگایا، انھوں نے ریلوے کے سات ڈویژنوں میں 28 نرسریاں قائم کرنے کی خوشخبری بھی سنا دی۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں ریل پٹڑی کے گرد درختوں کی باڑ لگائی جائے گی۔ عمران خان کا خواب سودن میں پورا کرنے کی نوید بھی سنا دی۔ دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں کی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی شجر کاری مہم کے تحت لاکھوں پودے لگائے گئے، پشاورمیں دولاکھ جبکہ خیبر ڈویژن میں ایک لاکھ پودے لگائے گئے۔
گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول نمبرایک پشاورمیں شجرکاری مہم کا اغا ز کرتے ہوئے کمشنر پشاور شہاب علی شاہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت پشاورمیں 2 لاکھ پودے جبکہ صوبے کے دیگراضلاع میں ایک ایک لاکھ پودے لگائے گئے۔ سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے علاوہ کھیلوں کے میدانوں میں بھی پودے لگائے جارہے ہیں، اسی طرح خیبرڈویژن میں بھی ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
ڈی سی خیبرڈویژن کے مطابق شجرکاری مہم کے تحت ہر سب ڈیویژن میں تیس ہزار پودے لگائے جائیں گے،کوہاٹ کے علاقے کے ڈی اے میں بھی ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے، پشاور میں جاری شجرکاری مہم میں انتظامیہ، محکمہ جنگلات کے اہلکاروں سمیت سکولز اور کالجز کے طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ملک بھر میں شجر کاری کے تحت 10 ارب پودے لگائے جائیں گے، اس مہم کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر دیا ہے۔