سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے اجلاس آج ہونگے

Last Updated On 12 August,2018 11:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تینوں اسمبلیوں کے نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب کیا گیا ہے، انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

الیکشن 2018ء کے بعد صوبائی اسمبلیوں کی رونقیں بحال ہونے کو تیار ہیں۔ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس کل ہوں گے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس صبح دس بجے ہو گا، صدارت اسپیکر آغا سراج درنی کریں گے۔ اجلاس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جن میں اکثر پرانے جبکہ نئے چہرے بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ وزیرِاعلیٰ کے چناؤ کیلئے اجلاس یومِ آزادی کے بعد بلایا جائے گا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی صبح دس بجے شیڈول ہے۔ ایوان کے 113 نئے مکین حلف اٹھائیں گے۔ سپیکر اسد قیصر کی عدم موجودگی کے باعث گورنر کی طرف سے نامزد پریذائیڈنگ افسر صدارت کریں گے۔ حلف کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذاتِ نامزدگی سہ پہر چار بجے تک وصول کئے جائیں گے۔ سپیکر کا انتخاب 15 اگست کو خفیہ رائے شماری سے ہو گا۔ نئے قائدِ ایوان کا انتخاب اور حلف بھی 15 اگست کو ہو گا۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دن گیارہ بجے بلایا گیا ہے جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اجلاس کی صدارت راحیلہ درانی کریں گی جبکہ شام چار بجے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا چناؤ ہو گا۔

ادھر پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو بلایا گیا ہے جہاں حکومت سازی کے پہلے مرحلے میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے، اجلاس کی صدارت صدارت رانا اقبال کریں گے۔ حلف برداری کے بعد سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہو گا۔

تمام صوبائی اسمبلیوں میں تزئین و آرائش اور دیگر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
 

Advertisement