لوئر دیر: (دنیا نیوز) عید پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نے دیر کے شہریوں کا میٹر شاٹ کر دیا، دیرپشاور شاہراہ ہر قسم بلاک کرنے پر پولیس نے مظاہرین لاٹھیاں برسا دیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے، احتجاج میں خواتین بھی پیش پیش رہیں۔
لوئر دیر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا، خواتین بھی میدان میں آگئیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے تالاش تھانے کے سامنے احتجاج کیا اور دیر-پشاور شاہراہ بھی بلاک کر دی۔
ٹریفک بلاک ہونے پر پولیس حرکت میں آئی اور مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھیاں بھی برسائیں۔ احتجاج میں خواتین بھی پیش پیش نظرآئیں، مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جس سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کی شیلنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں 18،18گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور وولٹیج بھی کم ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔