اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کی ریفرنس منتقلی کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 25 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا، نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریفرنس منتقلی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، جس میں نوازشریف اور احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کو فریق بنایا گیا تھا۔ نیب کی اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ملزمان کو سزا کے بعد دونوں ریفرنس زیر التواء تھے، ریفرنسز منتقلی کا فیصلہ دیتے وقت ریفرنسز کے حقائق کا درست جائزہ نہیں کیا گیا، لہٰذا ہائیکورٹ کا دونوں ریفرنسز کی منتقلی کا فیصلہ برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دائر کی گئی العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی منتقلی کی درخواست پر 7 اگست کو فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ریفرنسز جج محمد بشیر سے لے کر احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کی عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنا چکے ہیں۔