پاکستان خطے میں استحکام کیلئے کام کرتا رہے گا، شاہ محمود قریشی

Last Updated On 24 September,2018 10:09 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں سی آئی سی اے کے اجلاس میں شرکت کی، ہالینڈ کے ہم منصب سے ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے کام کرتا رہے گا۔

 

نیویارک میں ایشیائی ممالک کے درمیان روابط کی تنظیم سی آئی سی اے کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے ہم منصب سٹیف بلوک سے ملاقات کی اور گستاخانہ خاکوں کی روک تھام میں دونوں ممالک کے بر وقت اقدامات کو سراہا۔

اجلاس میں چین نے تنظیم کی قیادت تاجکستان کے حوالے کر دی جس پر شاہ محمود قریشی نے چئیرمین کا عہدہ ملنے پر تاجکستان کو مبارکباد دی اور تنظیم کے لئے چین کے کردار کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے کے استحکام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔