واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیر خارجہ آج پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور صحافیوں کو بریفنگ دیں گے.
وزیرخارجہ کی دورہ امریکہ کے دوران امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں طے ہیں۔ شاہ محمود قریشی سفارتخانے میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور صحافیوں کو بریفنگ بھی دیں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھائیں گے اور کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل بھارتی وزیراعظم کو مذاکرات کی دعوت دی تھی جو بھارتی حکومت نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹھکرا دی تھی۔