رواں برس دنیا بھرمیں کینسر کے 18 ملین نئےکیسز کا خدشہ

Last Updated On 13 September,2018 08:06 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے کینسر کی تحقیق کے شعبے نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ رواں برس دنیا بھر میں کینسر کے 18 ملین نئے کیسز سامنے آئیں گے جبکہ اس مرض کے سبب 9 ملین افراد کی موت واقع ہو سکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے شعبہ انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر نے ایک رپورٹ شائع کی ہے، جس کے مطابق رواں برس عالمی سطح پر کینسر کے 18 ملین نئے کیسز سامنے آئیں گے۔ ماہرین کے اندازوں کے مطابق رواں برس اس مہلک بیماری کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 9 ملین سے زائد رہے گی۔ یہ اندازے اس ڈیٹا کی روشنی میں مرتب کیے گئے ہیں جو دنیا کے 185 ممالک سے جمع کیا گیا۔ ان اندازوں کے مطابق ہر 5 میں سے ایک مرد اور ہر 6 میں سے ایک خاتون کو زندگی میں کینسر ہو سکتا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق کینسر کے مریضوں میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کا باعث پھیپھڑوں کا سرطان بنتا ہے۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ خواتین میں جان لیوا بریسٹ کینسر کا نمبر آتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2012 کے مقابلے میں ان اعداد و شمار میں اضافہ ہوا ہے۔ 2018 کے مقابلے میں 2012 میں ایک کروڑ 41 لاکھ افراد کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئے تھے جبکہ 82 لاکھ افراد اس مرض سے ہلاک ہوئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کی بڑی وجہ دنیا کی آبادی میں اضافہ اور عمروں میں اضافہ ہے۔

رپورٹ میں پیشنگوئی کی گئی ہے کہ اس سال کینسر میں مبتلا ہونے والے افراد اور ہلاک ہونے والے افراد میں سے آدھی آبادی ایشیا کی ہوگی۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ براعظم ایشیا میں آبادی بہت زیادہ ہے اور دوسرا یہ کہ کئی قسم کے جان لیوا کینسر ایشیا میں عام ہیں۔