اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان انتقال کر گئے

Last Updated On 18 August,2018 04:53 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انھوں نے 1997 سے 2006 تک اقوام متحدہ میں خدمات سر انجام دیں، انسانیت کیلئے خدمات پر انھیں نوبل انعام سے بھی نوازا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کوفی عنان مختصر علالت کے باعث سوئٹزرلینڈ میں انتقال کر گئے، کوفی عنان 8 اپریل 1939 میں افریقی ملک گھانا میں پیدا ہوئے۔ وہ پہلے سیاہ فام تھے جو جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ کے عہدے تک پہنچے اور 10 سال تک فرض منصبی ادا کیا۔ کوفی عنان کو بعد ازاں مشرق وسطی کے ممالک میں خانہ جنگی رکوانے کیلئے اقوام متحدہ کا خصوصی مندوب مقرر کیا گیا جہاں انھوں نے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ تاہم عالمی طاقتوں کی باہمی چپقلش کے باعث انھیں مستعفی ہونا پڑا۔

انسانیت کیلئے خدمات کے صلے میں کوفی عنان کو 12 اکتوبر 2001 میں نوبل انعام سے بھی نوازا گیا جو انھوں نے دنیا بھر میں جاری جنگوں کے خاتمے کیلئے انجام دیں۔