نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ میں کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بہترین کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن دنیا سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے عالمی برادری کا تعاون درکار ہو گا۔
جنرل اسمبلی کی ہائی لیول کانفرنس میں انسداد دہشتگردی کے اعلیٰ افسران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں کے لئے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں اور مالی رقم کی قربانی دینی پڑی۔
پاکستان کی جانب سے انسداد دہشتگردی کے خلاف دنیا بھر میں سب سے زیادہ آپریشن کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان نے دو لاکھ سے زائد فوجی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔
پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ کوئی بھی ملک تن و تنہا نہیں لڑ سکتا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کرنے کا انحصار خطے اور عالمی تعاون پر منحصر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے رواں سال اپریل میں پہلے اسلام آباد عالمی انسداد دہشتگردی فورم کا قیام عمل میں لا کر مثال قائم کی ہے۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی آج بھی سیکیورٹی کے لئے بڑے چیلنجز ہیں اور دنیا کے کئی حصوں میں عدم استحکا م اس مسئلہ کو مزید ہوا دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا آسان اور بڑھتا ہوا استعمال جس کی وجہ سے بغیر کسی سرحد کے انتہا پسند گروہوں کا گٹھ جوڑ جو کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے آسانی سے آن لائن تخریب کاروں کی بھرتیوں، فنڈ ریزنگ اور حملے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں، دہشتگردوں کو منظم ہونے کا موقع فراہم کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی تخریبی کارروائیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔