شہباز شریف کے داماد کو جائیداد قرقی سے قبل صفائی کا آخری موقع

Last Updated On 26 September,2018 09:57 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا) احتساب عدالت نے کروڑوں روپے کے رشوت کیس میں شہباز شریف کے داماد اشتہاری علی عمران کی اربوں روپے کی جائیداد قرق کرنے سے پہلے صفائی کے لئے آخری موقع دے دیا، احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو علی عمران کی جائیداد کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق علی پروسیڈ فوڈز پرائیویٹ، علی اینڈ فاطمہ ڈویلپرز، علی اینڈ کمپنی، مدینہ فیڈ ملز کے علاوہ غوث اعظم ڈویلپرز کمپنی علی عمران کے نام ہیں۔ نیب نے مزید بتایا کہ ایل ڈی اے کی رپورٹ کے مطابق گلبرگ تھری لاہورمیں پلاٹ نمبر 99 100/A بھی علی عمران کے نام پرہیں جبکہ علی ٹریڈ سنٹر میں دفتر اور علی ٹاور میں ایک دکان اور اپارٹمنٹ بھی ملزم کی ملکیت ہیں ۔ عدالت نے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت نے احد خان چیمہ کیس میں تفتیشی رپورٹ پیش نہ کرنے پر نیب افسروں کو جھاڑ پلادی۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جتنی تنخواہ لیتے ہیں اتنا کام بھی کیا کریں۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے آشیانہ اقبال کرپشن اور ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس پر سماعت کی۔ تفتیشی رپورٹ کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے نیب کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی کام نہیں ہے جو آپ یہاں آکر کرتے ہیں۔ نیب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں کی سکیورٹی خدشات کے باعث التوا ہوا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیا آپکو فوج کی بریگیڈ منگوا دیں۔ اب کیا عدالت ملزموں کی سکیورٹی بھی دیکھے۔ عدالت نے نیب افسروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس گریڈ کی تنخواہ لیتے ہیں اس کے مطابق کام بھی کیا کریں، مجھے ساتویں سکیل کے افسر قبول ہیں لیکن کام چور نہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ جو کام نہیں کرے گا اس کی تنخواہ سے کٹوتی ہوگی اور وہ رقم چیف جسٹس ڈیم فند میں جمع کرائی جائے گی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی مقدمہ کو ہر صورت میں جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی۔