اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخزانہ اسدعمر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت آئی سی یو میں پڑی ہے اور اس کا بائی پاس کر رہے ہیں، معیشت بہتر ہوگی تو عوام کو ریلیف بھی ملے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کو کچھ دینے نہیں بلکہ ان سے لینے آئیں، اسلام آباد کے فزیکل ماسٹر پلان کی دھجیاں اڑائی گئیں، اب تاجر اسلام آباد کا معاشی ماسٹرپلان تیار کریں تاکہ روزگار کے مواقع ملیں، معیشت بیمار پڑی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معمول کے جائزہ مشن کے مذاکرات ہو رہے ہیں، مالیاتی ادارے سے نئے قرض لینے کا کوئی پروگرام نہیں، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معیشت کے جائزہ پر مذاکرات میں ٹیکس اور توانائی کی اصلاحات اور نقصانات کم کرنے سے متعلق امور زیرغور ہیں۔