اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں دشمن ایجنسیوں کی جانب سے موبائل فون ٹیپ کرنے کے آلات نصب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، این ٹی آئی ایس بی نے وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
این ٹی آئی ایس بی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دشمن ایجنسیوں نے حساس اور اہم عہدوں پر تعینات افراد کی موبائل فون پر گفتگو ریکارڈ کرنے کیلئے جدید آلات نصب کر رکھے ہیں، اس لئے ڈپلومیٹک انکلیو کے اندراور قریب واقع اداروں کے افسران و اہلکار موبائل فون کے ذریعے حساس دفتری معاملات پر بات سے گریز کریں۔
مراسلے میں افسران کو اپنے موبائل فون کو تھری جی۔ایل ٹی ای آپشن پر رکھنے، حساس معلومات کیلئے ایس ایم ایس سے گریز، براہ راست یا لینڈ لائن فون کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔ معاملے سے وزارت داخلہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے جو مناسب اقدامات اٹھائے گی۔