اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں علی الصبح افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پر تیز رفتار کار نے دو مزدوروں کو کچل دیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ شالیمار کے علاقے ایف ٹین فور میں پیش آیا۔ جہاں پر سڑک کنارے ڈھابے پر سوئے ہوئے 2 مزدوروں کو کار نے کچل دیا۔ گاڑی ذکیہ رشید نامی خاتون چلا رہی تھیں جو تیزرفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ڈھابے سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں اجمل خان نامی مزدور موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، پولیس نے جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ خاتون کو حراست میں لے کر گاڑی سمیت تھانہ شالیمار منتقل کر دیا گیا ہے۔