پشاور: فیسوں میں اضافہ، احتجاج کرنیوالے طلبا پر پولیس کا لاٹھی چارج

Last Updated On 04 October,2018 02:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کلاسز کی فیسوں میں اضافے کے خلاف طلبا نے مظاہرہ کیا، پولیس نے احتجاجی طلبا پر ہلہ بولتے ہوئے شدید لاٹھی چارج کیا جس سے متعدد طلبا زخمی ہو گئے، کئی گرفتار بھی کر لئے گئے۔

مظاہرین نے حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف دشدید نعرے بازی کی، طلبا پشاور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کورسز کی فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے کئی طلبا زخمی ہو گئے اور متعدد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پشاور یونیورسٹی کے طلبا نے پہلے دھرنا دیا جو بعد میں مظاہرے کی شکل اختیار کر گیا۔ طلبا کا حکومت سے مطالبہ تھا کہ فیسوں میں کمی کی جائے، ایم فل اورپی ایچ ڈی فیس میں اضافہ منظورنہیں تاہم یونورسٹی حکام نے موقف اختیار کیا کہ فیسوں میں اضافے کا فیصلہ 2 سال بعد کیا، سال 2016 میں بھی فیسوں میں اضافہ واپس لیا، یونیورسٹی 70 فیصد اپنے وسائل سے چل رہی ہے۔