کراچی: جعلی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے فراڈ کا ایک اور کیس

Last Updated On 06 October,2018 09:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں جعلی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے فراڈ کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ کورنگی کے مزدور کے نام سے اکاؤنٹ کھول کر قرضہ لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

غریب کے نام پر فراڈ کا ایک اور کیس منظرعام پر آگیا، کراچی میں مزدور کے شناختی کارڈ پر بینک اکاؤنٹ کھولنے کا انکشاف ہوا ہے۔ جعلی اکاؤنٹ میں کوئی خطیر رقم نہ تھی بلکہ الٹا قرضے کا بوجھ تھا جو سر پر پڑا تو غریب کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ کورنگی کے رہائشی شاہد کو اپنے نام پر اکاؤنٹ ہونے کا تب پتہ چلا، جب بینک سے لون کی ادائیگی کے لیے کال آئی، جعلی اکاؤنٹ پر کریڈٹ کارڈ بھی لیا گیا تھا۔

متاثرہ شہری کے مطابق کئی سال قبل اس نے اپنا شناختی کارڈ رشتے دار کو نوکری کے حصول کے لیے دیا تھا۔ بینک سے رابطہ پر پتہ چلا کہ اکاؤنٹ پر رشتے داروں کا ہی پتہ درج ہے۔ متاثرہ شہری نے فراڈ کے حوالے سے ایف آئی اے اور بینک کے ہیڈ آفس میں درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔ شاہد کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کر کے فراڈ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔

Advertisement