پنجاب اسمبلی میں صفائی کمپنی سکینڈل کیخلاف قرارداد جمع

Last Updated On 09 October,2018 02:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں صفائی کمپنی اسکینڈل کے خلاف قرارداد جمع کرا دی گئی، معاملہ دنیا نیوز نے اٹھایا، قرارداد میں کوڑے کے نام پر اربوں روپے کی خرد برد کی تحقیقات کامطالبہ کر دیا گیا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی کے نام پر مبینہ لوٹ مار کے خلاف معاملہ پنجاب اسمبلی میں پہنچ گیا، مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ فاروقی نے معاملہ ایوان میں زیر بحث لانے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی لوٹ مار کے خلاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، اربوں روپے بیرون ملک منتقل کر دیئے گئے جبکہ کچرا شہر لاہور کا مقدر بن کر رہ گیا، گندگی کی وجہ سے عوام مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ قومی خزانے کو لوٹنے اورنقصان پہنچانے والوں کے خلاف شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔