لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کا کمانڈر ایک بار پھر تبدیل، امجد جاوید سلیمی کو انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب تعینات کر دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، امجد جاوید سلیمی اس وقت کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی تعینات تھے۔
یاد رہے امجد جاوید سلیمی نے یکم نومبر 1986 کو بطور اے ایس پی پولیس سروس جوائن کی، ان کی سب سے پہلی تعیناتی اے ایس پی اوگی ضلع مانسہرہ تھی۔ ایس پی کے طور پر انہوں نے اے آئی جی ٹریننگ اور گوجرانوالہ اور میانوالی کے ڈی پی اوز کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اقوام متحدہ کے امن مشن پر بوسنیا میں ڈیڑھ سال تعینات رہے۔
اقوام متحدہ امن مشن سے واپسی پر ڈی پی او ساہیوال اور سیالکوٹ رہے جس کے بعد ان کی تعیناتی اسپیشل برانچ پنجاب میں ہوگئی۔ پھر ان کا تبادلہ بلوچستان ہوا جہاں وہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور سی سی پی او کوئٹہ رہے۔
بلوچستان سے پھر پنجاب تبادلہ ہوا اور پھر وہ ڈی پی او جھنگ، اے آئی جی فائنانس پنجاب، ڈی آئی جی ایلیٹ پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی او ساہیوال، آر پی او سرگودھا، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، آر پی او ملتان اور ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ ہائی ویز رہے۔