فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں نجی ہاؤسنگ کالونی میں اوباش نوجوانوں نے شہری کے گھر پر دھاوا بول دیا، دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے نامزد 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
کشمیر پل کے قریب واقع چک نمبر 208 میں بنی ہوئی معروف ہاؤسنگ کالونی میں رات گئے 2 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار اوباش نوجوانوں نے شفاقت علی شیخ نامی شہری کے گھر پر حملہ کر دیا۔ ملزمان سامنے آنے والے ہر شخص کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ ملزمان نے گھر میں داخل ہونے کے لیے گیٹ توڑ دیا اور خاندان کے افراد کو بھی زدکوب کیا۔
دنیا نیوز نے معاملہ اٹھایا تو پولیس ایکشن میں آئی، شفاقت علی شیخ کی درخواست پر 4 نامزد اور 10 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ مقدمے میں چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کرنے، تشدد اور قتل کی دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے 4 نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن سے واقع کی تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقع نوجوانوں کی ذاتی رنجش کی وجہ سے پیش آیا ہے۔