اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا ) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کی اعلیٰ قیادت کو پہلی ملاقات میں پاکستان کی حقیقی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور انہیں پاکستان کیلئے ممکنہ طور پر نئے قرض پروگرام کیلئے رضامند کرنے کی کوشش کی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ یہ پہلی ملاقات بہت بہترین رہی اور آئی ایم ایف نے قرض پروگرام پر اصولی رضامندی ظاہر کی ہے تاہم ابھی اس قرض پروگرام کی مالیت کا حتمی تعین نہیں ہوا۔
انڈونیشیا سے ٹیلی فون پر اسد عمر نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی ایک جائزہ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ نئی حکومت کی معاشی ترجیحات اور ممکنہ معاشی پالیسیوں کا جائزہ لے گی۔ آئی ایم ایف کی جائزہ ٹیم واشنگٹن واپسی پر اپنی رپورٹ ایگزیکٹو بورڈ کو پیش کرے گی اور آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کے گورنر سٹیٹ بینک اور وزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف کو بھجوائے جانے والے لیٹر آن انٹینٹ (LOI) کی روشنی میں پاکستان کیلئے قرض کا نیا پروگرام منظور کرے گا۔