اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بڑے فیصلے، وفاقی حکومت نے قومی احتساب بیورو کو بڑے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت کر دی، نیو اسلام آباد ائیرپورٹ منصوبے کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیب کو بڑے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی۔ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ منصوبے کے آڈٹ کا فیصلہ ہوا، ائیر مارشل ارشد محمود ملک کو چیئرمین پی آئی اے تعینات کرنے اور عون عباس کو ایم ڈی پاکستان بیت المال بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو اسمبلی قواعد میں نرمی کر کے قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے نواز شریف اور مریم کی درخواست ملی تو غور کریں گے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ای سی ایل میں شامل 3 ہزار ناموں کی اسکروٹنی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔