حکومت کیلئے نئی مشکل، ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجراء کا بحران

Last Updated On 11 October,2018 04:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی حکومت کے لیے نئی مشکل، ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجراء کا بحران پیدا ہوگیا۔ 2 لاکھ پاسپورٹ اب تک تیار نہ ہوسکے، پرنٹنگ کی 4 مشینوں نے کام کرنا چھوڑ دیا۔

نئی حکومت کو نئے بحران کا سامنا، پاسپورٹ پرنٹ کرنے والی 4 مشینیں خراب ہوگئیں۔ شہری پاسپورٹ کے حصول کے لیے خوار ہونے لگے، 2 لاکھ پاسپورٹ پرنٹ نہ ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق پاسپورٹ پرنٹ کرنے والی 4 مشینوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ ایک کے بعد ایک مشین خراب ہوتی رہی لیکن پاسپورٹ حکام سوتے رہے، آنکھ تب کھلی جب پاسپورٹ کا بیک لاگ دو لاکھ تک پہنچ گیا۔

ارجنٹ فیس جمع کرانے والوں کو عام طور پر 4 دن میں پاسپورٹ ملتا تھا لیکن اب 2 سے 3 ہفتے بعد پاسپورٹ دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب نارمل فیس کیساتھ 14 دونوں میں ملنے والے پاسپورٹ اب کئی ہفتوں میں بھی تیار نہ ہو سکے۔

اس حوالے سے پاسپورٹ حکام سے بار ہا رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے مؤقف دینے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ عمرہ سیزن شروع ہوتے ہی پاسپورٹ آفس کو ملک بھر میں روزانہ 20 ہزار درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔

Advertisement