'میرا گھر' منصوبہ، وزیراعظم آج پائلٹ پراجیکٹ کا اعلان کریں گے

Last Updated On 10 October,2018 01:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج 50 لاکھ گھر پائلٹ منصوبے کا اعلان کریں گے، پہلے مرحلے میں ملک کے 7 اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ، ڈی آئی خان، اسلام آباد، گلگت اور مظفر آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا، گھروں کے امیدواروں کی رجسٹریشن کا آغاز 22 اکتوبر سے شروع ہوگا، نادرا میں پہلے مرحلے کے 22 اکتوبر سے 60 روز کیلئے رجسٹریشن کرائی جا سکے گی، رجسٹریشن کرانے والے تمام افراد کو گھر ملنا ضروری نہیں ہوگا۔

پہلے مرحلے میں ایک سے 16 گریڈ کے سرکاری ملازمین رجسٹریشن کرا سکیں گے جو افراد پہلے سے گھر کے مالک ہیں ان کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی، فیڈرل گورنمنٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نجی شعبے کے اشتراک سے منصوبہ شروع کرے گا۔

وزیراعظم  اپنا گھر اتھارٹی  قائم کرنے کا بھی اعلان کریں گے، جو چاروں صوبوں میں بھی قائم کی جائے گی، گھر کے حصول کیلئے موڈ گیج کی سہولت فراہم کی جائے گی، گھروں کی لاگت 15 سے 20 سال کی آسان اقساط میں وصول کی جائے گی، کمرشل بینکوں کو منصوبے کیلئے بانڈز، سکوک جاری کرنے کی سہولت دی جائے گی، وفاق اور صوبوں میں منصوبے کیلئے لینڈ بینک تشکیل دیئے جائیں گے، ملک بھر کی کچی آبادیوں کو بھی اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔
 

Advertisement