اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی اور پارٹی عہدے الگ الگ کرنے سے متعلق مشاورت شروع کر دی، اس بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں پارٹی اور حکومتی عہدے الگ الگ کرنے پر مشاورت شروع ہوچکی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ پارٹی آئین کے تحت چیئرمین 2 عہدے ایک ساتھ رکھ سکتا ہے۔ تاہم اگر یہ فیصلہ ہو گیا تو کئی وزراء اور مشیر اور ایک وزیراعلیٰ اس زد میں آجائیں گے۔
وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، ڈپٹی سیکرٹری جنرلز مراد سعید، عثمان ڈار اور فرخ حبیب بھی اس کا شکار ہوں گے۔ وسطی پنجاب کے صدر علیم خان، جنوبی خیبرپختونخوا کے صدر علی امین گنڈا پور اور مالاکنڈ ڈویژن کے صدر وزیراعلیٰ محمود خان بھی پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکیں گے۔