اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے حکومت کو ہدایت جاری کی ہیں کہ کوشش کریں کہ حکومتی پالیسیوں سے عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ اسد عمر نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسد عمر نے آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی، ماضی میں آئی ایم ایف سے لئے گئے قرضوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال پر بریف کیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مشیر تجارت نے برآمدات بڑھانے سے متعلق اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کی کمزور معیشت کو سنبھالا دینے کی کوشش کر رہی ہے، کوشش کریں کہ حکومتی پالیسیوں سے عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔