اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت مدارس پر قدغن لگانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، مدارس کے طلبہ کو بھی جدید علوم سے آراستہ کرنے اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ مولانا سمیع الحق سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت دینی مدارس کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان پر قدغن لگانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ شفقت محمود کی سربراہی میں ٹاسک فورس دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے سے متعلق اقدامات تجویز کرے گی۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت دینی مدارس کو کالجز اور جامعات کے برابر لانا چاہتی ہے۔
اس موقع پر مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکومت افغان اور بنگالی مہاجرین کو جلد پاکستانی شہریت دے۔ مولانا سمیع الحق نے وزیرِاعظم کو دینی مدارس کے مسائل سے آگاہ کیا۔