اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے پچیس سیاستدانوں سمیت سینکڑوں پاکستانیوں کی دبئی میں جائیدادوں کا سراغ لگا لیا۔ دبئی میں جائیداد رکھنے والوں پاکستانیوں میں سندھ کے شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ 527 ہے۔ ایف آئی اے نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی نے 895 پاکستانیوں کو نوٹسز جاری کیے جس کے بعد 642 نے بیان حلفی جمع کرائے۔ 364 افراد نے اپنی جائیدادیں ایمنسٹی سکیم میں ظاہر کیں جن میں نیب کے 21 ملزمان بھی شامل تھے۔
200 پاکستانیوں نے ایمنسٹی سکیم سے پہلے اپنی جائیدادیں ظاہر کی تھیں جن میں سے 55 نے بیان حلفی دیا کہ بیرون ملک جائیدادیں ٹیکس گوشواروں میں بھی ظاہر کی ہیں۔
ایف آئی اے دو مفرور ملزمان کی بھی دبئی میں جائیدادوں کا پتا چلایا ہے جبکہ 72 افراد کا کہنا تھا کہ ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔ دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں میں 527 کا تعلق سندھ سے ہے۔
ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمنسٹی سکیم میں یہ سہولت دی گئی تھی کہ بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے جائیں، اس شرط کی وجہ سے اثاثوں کی ایف بی آر سے تصدیق میں مشکلات کا سامنا ہے۔