نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام: پہلے روز سوا لاکھ فارم ڈائون لوڈ

Last Updated On 12 October,2018 11:22 am

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا رجسٹریشن فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے ویب سائٹ پر ٹریفک بڑھی تو نادرا کی ویب سائٹ کریش کرگئی۔

نادرا کے بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں عوام میں شاندار پذیرائی ملی۔ رجسٹریشن کا مرحلہ 7 اضلاع اسلام آباد، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد، سوات، فیصل آباد اور سکھر میں شروع کیا گیا ہے۔ نادرا ویب سائٹ سے اب تک ایک لاکھ پچیس ہزار رجسٹریشن فارم ڈاؤن لوڈ ہو چکے ہیں۔ ایک سیکنڈ میں دس ہزار ہٹس موصول ہوئیں۔

174 ملکوں سے 2 لاکھ لوگوں نے بیک وقت نادرا کی ویب سائٹ پر رسائی حاصل کی، ویب سائٹ غیر معمولی ٹریفک اور دباؤ کی وجہ سے عارضی متاثر ہوئی جسے فوری بحال اور فعال کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ فارم جمع کراتے وقت 250 روپے نادرا دفتر میں جمع کرانا ہونگے۔ فارم وصولی کا آغاز 22 اکتوبر 2018 سے کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کے تحت آئندہ 5 سالوں میں حکومت غریب اور تنخواہ دار طبقے کو 50 لاکھ گھر بنا کر دے گی۔