'عمران خان پاکستان کی بہتری کیلئے انتہائی عزم کیساتھ مصروف عمل ہیں'

Last Updated On 13 October,2018 10:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے وسائل محدود نہیں لیکن بدقسمتی سے ماضی میں حکمران طبقہ اپنی جیبیں بھرتا رہا، وزیراعظم عمران خان ملک کو آگے لے جانے میں انتہائی عزم کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔

اسلام آباد میں قدرتی آفات سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم نے ماضی میں قدرتی آفات کے دوران بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ موجودہ حکومت این ڈی ایم اے کی مضبوطی کیلئے بھرپور معاونت کرے گی، اس ادارے کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور نئے منصوبوں کے لیے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی دولت کو ان پر خرچ کیا جائے گا، نئے پاکستان میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروے کار لایا جائے گا۔ کلین اور گرین پاکستان اور دوسری سکیموں کا آغاز وزیراعظم کی ملکی ترقی کے عزم کا عکاس ہے۔