ملتان: شاہ محمود نے حضرت بہاؤ الدین زکریا کے عرس تقریبات کا آغاز کر دیا

Last Updated On 15 October,2018 12:21 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں حضرت بہاوالدین زکریا ملتانی کے تین روزہ عرس تقریبات کا باقاعدہ آغاز سجادہ نشین وزیر خاررجہ شاہ محمود قریشی نے مزار کو عرق گلاب سے غسل دے کر کیا اور اس موقع پر چادر پوشی کیساتھ ملکی سلامتی کیلیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

برصغیر پاک وہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاو الدین زکریا ملتانی کے 779 وین تین روزہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے جس میں شرکت کیلیے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد مزار پر پہنچ چکی ہے۔ عرس کی پہلی نشست میں زکریا کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جس کی صدارت سجادہ نشین وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی جبکہ علمائے کی جانب سے حضرت بہاو الدین زکریا کی دینی خدمات پر روشنی ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

عرس میں عقیدت مند منقبت پڑھنے کیساتھ دھمال ڈال کر مزار پر حاضری دینے میں مصروف ہیں تاہم سجادہ نشین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حضرت بہاو الدین زکریا نے ہمیشہ بھائی چارے کا پیغام دیا اور ہزاروں افراد کو دائرہ اسلام میں داخل کیا جس کی وجہ سے کئی صدیاں گزرنے کے باوجود بزرگان دین کے آستانے آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشگردی سمیت بے شمار مسائل کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلیے علمائے کرام کے طرز زندگی پر عمل کرنا ہو گا۔