کراچی: (دنیا نیوز) دو ہزار چودہ میں انتقال کرنے والے محمد اقبال کے تین کھاتوں سے چار ارب روپے کی ٹرانزیکشن، تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
کراچی میں فوت شدگان کے بھی جعلی اکاؤنٹ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق مرنے کے بعد تین جعلی اکاؤنٹ کھولے گئے۔ محمد اقبال کا نو مئی 2014ء کو انتقال ہو گیا تھا، اکاؤنٹ بنا کر چار ارب سے زائد کی ٹرانزیکشن ہونے کا انکشاف ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کی مزید جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ ایف آئی اے اور جے آئی ٹی الگ الگ معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ یہ جعلی اکاؤنٹ ایک ہی بینک کی تین برانچوں میں کھولے گئے ہیں۔
دوسری جانب جعلی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے معاملے پر کورنگی کی رہائشی خاتون ثروت کو جے آئی ٹی نے طلب کیا۔ متاثرہ خاتون نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بتایا کہ اسے جعلی اکاؤنٹ کا علم نہیں ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کی رہائشی خاتون کے شناختی کارڈ پر جعلی اکاؤنٹ اور کمپنی بھی بنی ہوئی تھی، خاتون کو ٹیکس کی مد میں ایک کروڑ دس لاکھ روپے جمع کروانے تھے۔