اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم منشا بم کو لاہور پولیس کے حوالے کر دیا۔
اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے ملزم منشا کھوکھر المعروف منشا بم کو راہداری ریمانڈ کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔ ملزم منشا کھوکھر نے عدالت میں بیان دیا کہ اسے پنجاب پولیس پر اعتماد نہیں۔ خدشہ ہے کہ پنجاب پولیس اسے جعلی پولیس مقابلے میں مار دے گی۔
ملزم کی استدعا پر عدالت نے وکیل صفائی کے آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔ اس دوران میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے ملزم منشا بم کا کہنا تھا کہ مخالف شفیق گجر نے ایک لڑائی کے بعد اس کا نام منشا بم رکھا جو آج تک چل رہا ہے۔ اس نے میں نے کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا۔ ساری کی ساری زمین وراثت میں ملی۔ مخالفین نے جھوٹے مقدمات درج کرارکھے ہیں۔ ملزم نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ اسے پنجاب پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے اسلام آباد میں ہی تحقیقات کرائی جائے۔
وقفہ کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے ملزم کا ایک روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو ہر صورت بدھ کے روز متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔