اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کے انکشافات سے نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ ابراج گروپ نے کے الیکٹرک کی فروخت میں مدد حاصل کرنے کے لئے شریف برادران کو دو کروڑ ڈالر کی پیشکش کی ہے۔
امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ابراج کیپٹل نے کے الیکٹرک میں اپنے شیئرز چینی کمپنی کو فروخت کرنے کے لئے شریف برادران کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی۔
اس ڈیل میں شریف برادران کی مدد اس لئے حاصل کرنے کی کوشش اس وجہ سے کی گئی کیونکہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک میں حصہ دار ہے اور ابراج کیپٹل چاہتی تھی کہ اس ڈیل میں کسی سطح پر کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
امریکی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس گروپ کے مالک عارف نقوی نے اپنے شیئرز کی فروخت کے لئے مشہور کاروباری شخصت ملک نوید کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے شریف برادران کو کے الیکٹرک کی چینی کمپنی کو فروخت پر رضامند کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی خاطر ملک نوید کو دو کروڑ ڈالر کی آفر کی۔
جریدے کا دعویٰ ہے کہ اکتوبر 2015ء میں ابراج کے پارٹنر عمر لودھی نے عارف نقوی کو ایک ای میل بھیجی جس میں انہوں نے لکھا کہ کاروباری شخصیت نوید ملک نے انہیں بتایا ہے کہ شہباز شریف اُس چینی کمپنی سے ڈیل کریں گے جس نے بولی دی ہے۔
شہباز شریف کے علم میں جب یہ بات آئی کہ کے الیکٹرک کو ایک چینی خریدنے کی خواہش مند ہے تو وہ بھی ڈیل کے لئے رضامند ہو گئے تھے۔ جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے یہ تمام معلومات اُن لوگوں سے حاصل کی ہیں جو اس ڈیل کی تفصیلات سے آگاہ تھے۔
عمر لودھی نے اپنی ای میل میں عارف نقوی کو لکھا کہ اس ڈیل سے متعلق دونوں بھائیوں کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر دیا جائے۔ شریف برادارن کی مکمل حمایت اور آمادگی حاصل کی جائے۔
ای میل میں یہ بھی پوچھا گیا کہ شریف برادان سے دریافت کیا جائے کہ یہ رقم چیرٹی کی صورت میں دی جائے یا پارٹی فنڈ کی صورت میں؟
14 جون 2016ء کو عمر لودھی نے عارف نقوی کو بیس ملین ڈالر رشوت دینے کے حوالے سے ایک معاہدے کی تفصیلات ای میل کر دیں۔ 16 جون کو عمر لودھی کو جواب آیا کہ ہاں یہ ٹھیک ہے، اس کو پیچ دو، کے الیکٹرک، کے ای ایس سی اور ابراج کا نام ہٹا دو۔ اس کو بالکل عام الفاظ یا جنریک کر دو اور اس کو اپنی جی میل اکاؤنٹ سے بھیجو، یہ دستاویزات غلط ہاتھوں میں چلی گئی تو قیامت آ جائے گی۔ جریدے کے مطابق شریف برادران کے وکیل نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
ابراج کیپٹل کے الیکٹرک کے 66 فیصد حصص کی مالک ہے جس کی مالیت تقریباً 1 ارب 77 کروڑ ڈالر ہے۔ ابراج کیپیٹل اپنے شیئرز کو شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کرنے کی خواہشمند ہے۔
دسمبر 2016ء میں شنگھائی الیکٹرک اور ابراج کیپیٹل کے درمیان کے الیکٹرک کی فروخت کا معاہدہ طے پایا جس کے تحت کے الیکٹرک میں حکومت پاکستان کو بھی حصہ دار بنایا گیا اور یاد رہے کہ کے الیکٹرک کی فروخت کے لیے حکومتی رضامندی بھی ضروری ہے۔