پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے اندرون شہر میں 500 سے زائد رہائشی مکانات مخدوش حالت کے باعث منہدم ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے حرکت میں آتے ہوئے رہائشیوں کو نوٹسز جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق، پشاور میں اندرون شہر کی صرف 6 یونین کونسلوں میں 500 سے زائد رہائشی عمارتوں کے مخدوش ہونے کا انکشاف ہوا ہے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے حرکت میں آتے ہوئے کئی رہائشی گھروں کو مکانات گرانے کے نوٹس جاری کر دیئے۔
شہریوں کے مطابق اندرون شہر یکہ توت، گنج، تحصیل گور گھٹڑی سمیت کئی علاقے سیم زدہ ہیں جس کے باعث کئ مکانات زمین میں دھنس رہے ہیں۔ ٹاؤن ناظم ڈاکٹر صاعقہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں بیشتر لوگ غریب اور آبائی گھروں میں آباد ہیں، ایک تو قبضہ چھوڑنے کا ڈر اوپر سے مکان تعمیر کرنے کے پیسے بھی نہیں ہوتے۔
پشاور میں مخدوش مکانات کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتے ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کےلیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔