اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے افغان بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین کو ٹیلیفون کیا اور قندھار میں دہشت گرد حملے میں افغان قیادت سمیت دیگر انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے افغان بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں قیامِ امن کیلئے افغان تنازع کے حل پر اتفاق کیا، شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی افغان پارلیمانی انتخابات پُرامن طریقے سے منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر قندھار، پولیس اور انٹیلی جنس چیف ہلاک
خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے قندھار میں افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے ایک حملے میں صوبے کی پولیس کے سربراہ عبدالرازق اور افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے صوبائی سربراہ ہلاک جبکہ امریکی فوج کے کمانڈر بال بال بچ گئے تھے۔
پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے یک زبان ہو کر اس حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔