راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی سیشن کورٹ میں کمسن ملازمہ بچی کنزہ پر تشدد کرنے والی سرکاری خاتون افسر کی 29 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔
راولپنڈی میں کمسن ملازمہ بچی کنزہ پر تشدد کرنے والی سرکاری خاتون افسر کے شوہر محسن ریاض نے عدالت سے رجوع کیا اور عبوری ضمانت کی درخواست کی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر اسلم نے 50 ہزار ضمانتی مچلکوں کے عوض خاتون افسر عمارہ ریاض کی 29 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: معصوم کنزہ پر تشدد کے شواہد سامنے آ گئے
ادھر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ کم سن ملازمہ کنزہ پر تشدد کرنے والے ملزمان کے گھر پر نہ ہونے کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم سن ملازمہ کنزہ پر تشدد کرنے والی خاتون فوری گرفتار ہونی چاہیے، پولیس اس حوالے سے اپنا کام شروع کر چکی ہے، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر چکے ہیں، بچی کا میڈیکل چیک اپ ہو چکا ہے، ملزمان کے گھر پر نہ ہونے کے باعث گرفتاری نہیں ہو سکی، معاملے کی خبر لینے کیلئے اپنے عملے کو ہدایات دی ہیں۔