کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے تو نیب کو طاقتور بنانا ہو گا: فروغ نسیم

Last Updated On 22 October,2018 11:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف احتساب سے پیچھے نہیں ہٹے گی، کسی اپوزیشن کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کرپشن کے خاتمے کے لیے لوگوں نے مینڈیٹ دیا ہے، اگر کرپشن کو واقعی روکنا ہے تو نیب کو طاقتور بنانا ہو گا، ہماری حکومت نیب قوانین میں اصلاحات کر رہی ہے لیکن ابھی تفصیلات نہیں بتا سکتا۔

ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اپنے طریقہ کار کے تحت تفتیش کرتی ہے، کوئی یہ مت سمجھے کہ وہ تحریک انصاف سے ہے تو بچ جائے گا، تحریک انصاف کے لوگوں کیخلاف بھی انکوائری ہو رہی ہے۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نیا قانون لا رہے ہیں، ایک جج سٹے آرڈر جبکہ دوسرا جج کیس سنے گا جس کے بعد سال سوا سال کے اندر سول کیس ختم ہو جائے گا، ایسے کیسز میں پہلے بیس سے چالیس سال لگ جاتے تھے۔ سیکسیشن لیٹر لوگوں کو سالوں تک نہیں ملتا، ہم نے بل فائنل کر دیا ہے، سیکسیشن سرٹفیکیٹ پندرہ دن کے اندر لوگوں کو مل جائے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کا وزارتِ قانون کو نہیں پتا تھا، نیب آزاد ادارہ ہے۔ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے لیکن تاثر دیا جا رہا ہے کہ عمران خان اپوزیشن کے پیچھے پڑ گئے ہیں، یہ الزام درست نہیں ہے۔

 

Advertisement