اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران کے زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں دس نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیرِاعظم نے دورہ سعودی عرب پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا اور آئندہ دورہ ملائیشیا اور چین کے اہداف سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی عرب کے اقتصادی پیکیج اور دیگر آپشن پر بریفنگ دی۔
کابینہ نے چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ کی تقرری، پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون، پاکستانی خلا باز کو چینی سپیس مشن میں بھیجنے اور انسداد منشیات کے معاہدوں کی منظوری دی۔
یہ بھی پڑھیں: چین کیساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، وزیرِاعظم
میڈیا بریفنگ میں وزیرِ اطلاعات بتایا کہ سعودی حکومت نے وزیرِاعظم کی تجویز پر پاکستانی ورکرز کے لیے ویزہ فیس 2000 ریال سے کم کر کے 300 ریال کر دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرپٹ افراد کے خلاف تحقیقات میں سہولت کے لیے حکومت نے نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹس جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے نظام کو بہتر بنانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔