لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان حکومت کے خلاف گرینڈ اپوزیشن اتحاد کیلئے مولانا فضل الرحمن نے آج نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی جس میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا گیا اور ن لیگی وفد بھیجے جانے کا بھی امکان ہے. ملاقات میں پارلیمنٹ کے اندد اور باہر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے.
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن وزیراعظم عمران خان کے خلاف گرینڈ اپوزیشن اتحاد تشکیل دینے کی کوششوں میں ایک بار پھر زور و شور سے مصروف ہیں، جس کیلئے مولانا نے آج ن لیگ کے رہنما نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی ہے۔ مولانا اور نوازشریف کی ملاقات میں اپوزیشن کی اے پی سی (آل پارٹیز کانفرنس) بلانے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا اور ن لیگی اعلی سطحی وفد بھیجے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کو اے پی سی کے انعقاد میں اعتراض نہیں،نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس میں اعلی سطحی وفد بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے،تاہم ان کا اصرار تھا کہ اے پی سی کا ایجنڈا واضح ہونا چاہئے۔ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں اے پی سی میں شرکت کے فیصلے کیلئے چند روز انتظار کا کہا ہے۔