سپریم کورٹ بار کے انتخابات: لاہور سمیت کئی شہروں میں پولنگ جاری

Last Updated On 31 October,2018 01:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2018 کے لئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پولنگ کا عمل جاری ہے، صدارتی نشست پر امان اللہ کنرانی اور علی احمد کرد میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا میدان سج گیا، لاہور میں جگہ جگہ امیدواروں کے بینرز اور فلیکسز آویزاں ہیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو شام 5 تک جاری رہے گا۔

سپریم بار کے صدر، نائب صدر اور سیکرٹری کے تین اہم عہدوں کے لئے 6 امیدوار مد مقابل ہیں۔ صدر کی نشست پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل گروپ کے امان اللہ کنرانی اور عاصمہ جہانگیر کے انڈیپنڈنٹ گروپ کی جانب سے علی احمد کرد میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ نائب صدر پنجاب کے لئے ملک کرامت اعوان اور سید طیب محمود جعفری کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ سپریم کورٹ بار کے سیکرٹری کے لئے پروفیشنل گروپ سے شمیم الرحمان ملک اور انڈیپنڈنٹ گروپ سے عظمت اللہ چوہدری امیدوار ہیں۔
 

Advertisement